پارلیمنٹیرینز کانفرنس کا بھارت سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ہٹانے،مواصلاتی ذرائع کی بحالی کا مطالبہ

آج اسلام آباد میں کشمیر کے بارے میں ملک کے ارکان پارلیمنٹ کی کانفرنس نے متفقہ طورپر ایک اعلامیے کی منظوری دی جس میں بھارت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ہٹا کر پرتشدد کارروائیاں بند کرے اور مواصلاتی ذرائع پر پابندیاں ختم کرے ۔اعلامیے میں اقوام متحدہ پرزوردیا گیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں حقائق معلوم کرانے کیلئے بین الاقوامی ذرائع ابلاغ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو علاقے میں جانے کی اجازت دینے کیلئے بھارت پردبائو ڈالے ۔اعلامیے میں بھارت سے مطالبہ کیاگیا کہ وہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دے جس کا وعدہ ان سے اقوام متحدہ نے کیا ہے ۔اعلامیے میں تمام ممالک پرزوردیا گیاکہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں پرجاری بھارتی مظالم کی اصل صورتحال معلوم کرانے کیلئے اپنے پارلیمانی وفود کوعلاقے میں بھیج دیں ۔