وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب دونوں ممالک کے مابین بااعتماد برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔ فردوس عاشق اعوان
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب دونوں ممالک کے مابین بااعتماد برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔ حالیہ دورے سے دونوں برادر ممالک کے تعلقات مزید مضبوط اور توانا ہوں گے۔ وزیراعظم سعودی ولی عہد کے ساتھ مقبوضہ جموں کشمیر کی سنگین صورتحال پر تفصیل سے تبادلہ خیال کریں گے۔اپنے ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک میں تاریخی تعلقات میں مزید قربت آئی۔پاکستان کے عوام سعودی قیادت سے والہانہ محبت اور عقیدت رکھتے ہیں۔وزیراعظم عمران خان کا یہ دورہ مختلف شعبہ جات میں تعلقات کے فروغ کے لیے ایک اور سنگ میل ثابت ہو گا۔ فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا ہے کہ عمران خان کی کوششوں سے مظلوم کشمیریوں کیلئے اسلامی دنیا کی بھرپور تائید و حمایت حاصل ہوئی۔ او آئی سی نے کشمیریوں کی حمایت کا واشگاف اظہار کیا۔وزیراعظم اسی قوت کے ساتھ کشمیر کا مقدمہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پیش کریں گے۔