رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران مجموعی طور پر پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 21 کروڑ 2 لاکھ ڈالر رہا جو گزشتہ مالی سال کے دوران اس عرصے سے 23 فیصد کم ہے ۔سٹیٹ بینک
لاہور (کامرس رپورٹر )پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کم ہو گئی ہے اگست کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری میں 37 فیصد کم رکارڈ کی گئی جبکہ رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں مجموعی طور پر سرمایہ کاری کا حجم 21 کروڑ ڈالر رہا۔سٹیٹ بینک کے مطابق اگست کے دوران ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 10 کروڑ 29 لاکھ ڈالر رہا گزشتہ مالی سال اگست میں 16 کروڑ 43 لاکھ ڈالر کی نئی سرمایہ کاری ہوئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران مجموعی طور پر پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 21 کروڑ 2 لاکھ ڈالر رہا جو گزشتہ مالی سال اس عرصے سے 23 فیصد کم ہے ۔دو ماہ کے دوران پاکستان میں غیر ملکیوں کی طرف سے نجی شعبے میں نئی سرمایہ کاری کا حقیقی حجم 15 کروڑ 4 لاکھ ڈالر رہا جو پہلے سے 4 کروڑ 79 لاکھ ڈالر کم ہے ,اس دوران صنعتی شعبے میں براہ راست نئی غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 22 کروڑ 67 لاکھ ڈالر رہا تاہم سٹاک مارکیٹ میں بیرونی سرمایہ کاری سے 7 کروڑ 63 لاکھ ڈالر کا انخلا ہوا ,دو ماہ میں حکومتی بانڈز اور ٹی بلز میں 5 کروڑ 98 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی جو گزشتہ مالی سال سے 16 فیصد کم ہے .رپورٹ کے مطابق دو ماہ کے دوران مالیاتی سیکٹر میں 8 کروڑ 54 لاکھ ڈالر کمیونکیشن سیکٹر میں 3 کروڑ 71 لاکھ ڈالر اور آئل اینڈ گیس سیکٹر میں 3 کروڑ 43 لاکھ ڈالر کی نئی سرمایہ کاری ہوئی ۔رواں مالی سال اب تک امریکی اور برطانوی سرمایہ کاروں کی طرف سے نئی سرمایہ کاری تو ہوئی نہیں الٹا امریکی سرمایہ کار پہلی سرمایہ کاری سے بھی 3 کروڑ 85 لاکھ ڈالر اور برطانوی سرمایہ کار 3 کروڑ 28 لاکھ ڈالر نکال کر لے گئے۔