پاکستان میں دہشتگردی اور فرقہ واریت کے پیچھے بھارت ہے: دفتر خارجہ
اسلام آباد: دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی اور فرقہ واریت کو ہوا دینے کے پیچھے بھارت ہے، بھارت کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ بھارت کی کوشش ہے کہ کلبھوشن کےلیے وکیل باہرسے لایا جائے، پاکستانی قانون کے مطابق ایسا ممکن نہیں، بھارت کو بتایا گیا ہے کہ کلبھوشن کو صرف پاکستانی وکیل ہی دیا جاسکتا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں غیرانسانی فوجی محاصرے، کشمیریوں پرپابندیوں کو آج 410 دن ہوچکے، مقبوضہ کشمیر کے 80 لاکھ عوام باقی دنیا سے کٹ چکے ہیں،پوری مقبوضہ وادی کو ایک جیل میں بدل دیا گیا ہے، 3 دن میں قابض بھارتی افواج نے 5معصوم کشمیریوں کو ماورائے عدالت قتل کیا۔ترجمان دفترخارجہ نے میڈیا کو بتایا کہ نوازشریف کے حوالے سے موصول ہونے والے وارنٹ لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کو بھجوادیے گئے ہیں۔