وزیراعظم 21 ستمبرکو آئی ایم ایف کی ایم ڈی اور صدر ورلڈ بینک سے ملاقات کریں گے
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف 21 ستمبرکو نیویارک میں آئی ایم ایف کی ایم ڈی اور صدر ورلڈ بینک سےملاقات کریں گے۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم لندن میں ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات میں شرکت کے بعد آج نیویارک پہنچیں گے۔نیویارک میں موجودگی کے دوران وزیراعظم کی دیگر ممالک کے رہنماؤں سے اہم دوطرفہ ملاقاتیں ہوں گی، 20 ستمبر کو وزیراعظم اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے استقبالیہ میں شرکت کریں گے۔ 20 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف کی فرانس کے صدر ایمانوئیل میخواں سے ملاقات ہوگی، 20 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف کی آسٹریا کے چانسلر اور اسپین کے صدر سے بھی ملاقاتیں ہوں گی، وزیراعظم شہباز شریف کی یورپی یونین کونسل کے صدر چارلس مائیکل سے بھی ملاقات ہوگی۔