سپریم کورٹ آج پاناما لیکس کیس کا فیصلہ سنائے گی, وزیراعظم سرخرو ہوں گے, ان کے بچوں پر لگنے والے الزامات جھوٹے ثابت ہوں گے,یا اپوزیشن جماعتیں اپنے موقف کو درست ثابت کریں گی
فیصلے کی گھڑی آ پہنچی۔۔ بڑی عدالت۔۔ بڑے کیس کا بڑا فیصلہ آج سنائے گی۔۔سپریم کورٹ کے جسٹس آصف سعید کھوسہ، جسٹس شیخ عظمت سعید، جسٹس اعجاز افضل، جسٹس گلزار احمد اور جسٹس اعجاز الحسن پر مشتمل پانچ رکنی بینچ نے روزانہ کی بنیاد پر سماعت کے بعد پانامہ کیس کا فیصلہ 23 فروری کو محفوظ کیا تھا, کیس میں پہلی پٹیشن تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے آئین کے آرٹیکل ایک سوچوراسی کےتحت دائر کی گئی تھی، جس میں انہوں نے براہ راست وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف کو فریق بنایا تھا، دوسری پٹیشن عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی جانب سے دائر کی گئی تھی، شیخ رشید نے اپنی پٹیشن میں فیڈریشن آف پاکستان، سیکریٹری قانون اور پارلیمنٹری ڈویژن کو فریق بنایا، تیسری پٹیشن جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے دائر کی، انہوں نے بھی اپنی پٹیشن میں فیڈریشن آف پاکستان کو فریق بنایا تھا