قومی اسمبلی اجلاس: 5سوالوں کا جواب نہ آنے پر سپیکر برہم ، سیکریٹری دفاع چیمبر میں طلب
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وزارت دفاع سے متعلقہ پانچ سوالوں کا جواب نہ آنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سیکریٹری دفاع کو طلب کرلیا ہے اور کہا ہے کہ وزیر دفاع اس حوالے سے جواب دیں بصورت دیگر انہیں یہ معاملہ اعلیٰ ترین سطح پر اٹھانا پڑے گا۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران وزارت دفاع سے متعلقہ سوالات کا جواب نہ آنے پر پارلیمانی سیکریٹری چوہدری جعفر اقبال نے استدعا کی کہ آئندہ باری تک یہ سوالات موخر کئے جائیں۔ جن متعلقہ اداروں سے متعلق یہ سوالات تھے ان سے وزارت کو جواب موصول نہیں ہوا۔ اس پر سپیکر نے کہا کہ یہ صورتحال ناقابل برداشت اور ناقابل قبول ہے۔ وزیر دفاع اس کا جواب دیں بصورت دیگر انہیں اعلیٰ ترین سطح پر بات کرنا پڑے گی۔ سپیکر نے افسران کی گیلری میں بیٹھے ہوئے جوائنٹ سیکریٹری دفاع سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ سیکریٹری دفاع کو فوری طور پر میرے چیمبر میں آنے کے لئے کہا جائے تاکہ ان سے بھی جواب موصول نہ ہونے پر باز پرس کی جا سکے۔