وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبائی وزیرمنظور وسان کے ہمراہ قومی ادارہ برائے صحت اطفال کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران اپنی سیکیورٹی ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ نہیں چاہتے کہ انکی وجہ سے مریضوں کو مشکلات پیش آئیں۔ دورے کا مقصد صحت کی سہولیات کا جائزہ لینا ہے۔ مرادعلی شاہ نے ہسپتال کے مختلف وارڈ اور نئے آئی سی یو کا معائنہ کیا۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت میں مراد علی شاہ نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت زیادہ تر ہسپتال کامیاب رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ڈائریکٹر این آئی سی ایچ ڈاکٹر مظہر کو ہسپتال کی مزید بہتری کے لیے پرپوزل بناکر پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ صوبے کے دیگر شہروں میں قومی ادارہ برائے صحت اطفال کے سیٹلائیٹ سینٹرز قائم کرنا چاہتے ہیں۔