سابق حکومتوں کی 16 اہم شخصیات عمران خان کی کابینہ کا حصہ
سابق حکومتوں کی 16 اہم شخصیات عمران خان کی کابینہ کا حصہ ہیں۔ مشیرخزانہ حفیظ شیخ، وزیر خارجہ شاہ محمود پیپلز پارٹی دور میں وفاقی وزیر رہے۔ شیخ رشید، نواز شریف اور پرویز مشرف کی کابینہ کا حصہ رہ چکے ہیں، فواد چودھری بھی پیپلزپارٹی اور پرویز مشرف کے ترجمان رہے۔ وزیر تعلیم شفقت محمود مشرف دور میں وزیر اور سیکرٹری اطلاعات پی پی رہے، فہمیدہ مرزا پیپلزپارٹی کے دورمیں سپیکر قومی اسمبلی تھیں۔ وزیر نجکاری محمد میاں سومرو مشرف دور میں چیئرمین سینیٹ رہے، اعظم سواتی پیپلزپارٹی دور میں جے یو آئی کی طرف سے وفاقی وزیر رہے۔ وفاقی وزرا عمرایوب اور خسرو بختیار بھی مشرف کابینہ کا حصہ تھے۔ وزیر ہوا بازی غلام سرور خان مشرف کابینہ اور پیپلزپارٹی کا حصہ رہے۔