پنجاب حکومت کا صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا رمضان پیکیج دینے کا اعلان
لاہور: پنجاب حکومت نے ماہ رمضان میں صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑے رمضان پیکیج دینے کا اعلان کیا ہے جس میں ریکارڈ سبسڈی دی جائے گی۔ پنجاب کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب صمصام بخاری نے کہا کہ اس بار صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا رمضان پیکیج دیا جا رہا ہے جس کے تحت عوام کو مہیا کی جانے والی سبسڈی کی مد میں ریکارڈ رقم مختص کی جائے گی، پیکیج کے تحت صوبے بھر میں 309 رمضان بازار لگائے جائیں گے، رمضان المبارک میں 2 ہزار کے قریب دستر خوانوں کا اہتمام کیا جائے گا، اشیائے ضروریہ مارکیٹ کے مقابلے میں رمضان بازاروں میں سستے داموں دستیاب ہوں گی۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019ء کی اور واٹر ایکٹ 2019ء کے مسودے کی منظوری دی گئی جس کے تحت واٹر ریسورسز کمیشن قائم کیا جائے گا جس کے چیئرمین وزیراعلیٰ ہوں گے، واٹر ریسورسز کمیشن پانی کے حصول کے لیے لائسنس کی پابندی پر عمل درآمد یقینی بنائے گا۔