خواہش ہے اسد عمر دوبارہ کابینہ میں آئیں، وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس کی اندرونی کہانی
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران نے سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی تعریف کی اور کہا کہ وہ اچھے آدمی ہیں۔ خواہش ہےاسدعمردوبارہ کابینہ میں آئیں۔ کسی کو وزارت کا مستقل قلمدان نہیں دیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عوام کا احساس نہ کرنے والا کابینہ میں نہیں رہے گا۔ پارٹی کا موقف مضبوط اندازمیں قوم کے سامنے پیش کیا جائے۔
وزیراعظم نے مشیر صحت کو ہدایت کی کہ صحت کے شعبے میں ہنگامی بنیادوں پرکام کیا جائے جبکہ اجلاس کے دوران وفاقی اور صوبائی وزراء کی کارکردگی کی مانیٹرنگ جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے اعلیٰ پر اعتماد کا اظہار کیا جبکہ اجلاس کے دوران پٹرولیم کی وزارت عارضی طور پر عمر ایوب کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بنی گالہ اجلاس میں معیشت اور سیاسی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران کابینہ میں ردو بدول سے متاثرہ وزراء غیر حاضر رہے۔ غیر حاضر رہنے والوں میں فواد چودھری، شہریار آفریدی، غلام سرور، سابق وزیر خزانہ اسد عمر اور سابق وزیر صحت عامر کیانی شامل ہیں۔
اجلاس میں پرویز خٹک، جہانگیر ترین، فردوس عاشق اعوان، شیخ رشید احمد، فیصل واوڈا، عمر ایوب، عبدالرزاق داؤد، حماد اظہر، عثمان ڈار، فیصل جاوید، کنول شوزب اور دیگر شریک تھے۔
اجلاس میں موجودہ ملکی صورت حال اور پارٹی بیانیے پر تفصیلی غور کیا گیا ہے، اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے اجلاس کے شرکا کو سیاسی اور معاشی صورت حال میں وفاقی کابینہ میں تبدیلی اور پارٹی کےلائحہ عمل سے متعلق آگاہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے سابق وزیر خزانہ اسد عمر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اسد عمر اچھے آدمی ہیں، اگر وہ دوبار آنا چاہیں تو ہم بھی انہیں کابینہ کا حصہ بنانا چاہیں گے.
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام وزرا میڈیا پر جائیں، وہ حقائق ضرور بتائیں لیکن لوگوں کو ڈرائیں نہیں بلکہ ان کو امید دلائیں۔