کورونا کا زور برقرار، جاں بحق افراد کی تعداد 168 تک پہنچ گئی، 8348 وبا سے متاثر
لاہور: ملک بھر میں اب تک 98522 افراد کا ٹیسٹ کیا جا چکا ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 7847افراد کا طبی معائنہ کیا گیا، 9 اموات ہوئیں جبکہ 355 نئے کیس سامنے آئے۔ پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 168 تک جا پہنچی ہے جبکہ 8348 افراد اس موذی مرض میں مبتلا ہیں۔ صوبہ پنجاب میں 3822، صوبہ سندھ میں 2537، صوبہ بلوچستان میں 376، خیبر پختونخوا میں 1137، اسلام آباد میں 171، آزاد کشمیر میں 48 جبکہ گلگت بلتستان میں 257 کنفرم مریض ہیں۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق صوبہ سندھ میں 56، صوبہ پنجاب میں 42، اسلام آباد میں 2، بلوچستان میں 5، خیبر پختونخوا میں 60، گلگت بلتستان میں 3 اموات اب تک سامنے آ چکی ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں ہلاکت کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 3822 ہو گئی ہے۔ کورونا وائرس سے صوبے میں اب تک 42 افراد زندگی کی باز ہار چکے ہیں، 702 افراد صحتیاب ہوکر گھروں کو جا چکے ہیں جبکہ 17 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ عوام سے درخواست ہے حفاظتی تدابیر اختیار کرکے خود کو محفوظ بنائیں اور متاثرہ ممالک سے آئے افراد میں آئسولیشن کے دوران علامات ظاہر ہوں تو 1033 پر رابطہ کریں۔ صوبہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 182 کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔ اسی دوران 8 اموات بھی رپورٹ ہوئیں جو صوبے میں رپورٹ ہونے والی اموات کی سب سے زیادہ تعداد ہے، اس کے بعد صوبے میں مجموعی اموات 56 تک پہنچ چکی ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے 33 متاثرین صحتیاب ہوکر گھروں کو واپس لوٹ گئے۔