وزیر اعظم نے عوام کیلیے نظم و ضبط کا خصوصی پیغام جاری کر دیا

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے آج صبح اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر نظم و ضبط کا خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ‘عوام کے لیے میرا پیغام ہے کہ جس قدر ممکن ہو خود کو گھروں تک محدود رکھیں۔’ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ لوگ جتنا زیادہ نظم و ضبط رکھیں گے اتنا ہی حکومت کے لیے کرونا وائرس کی وبا سے نمٹنا آسان ہوگا۔ انھوں نے لکھا کہ لوگوں کے نظم و ضبط ہی سے بندشوں میں مرحلہ وار نرمی بھی ممکن ہو پائے گی۔ واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں سے صورت حال تشویش ناک ہو گئی ہے، مزید 18 اموات کے بعد مجموعی تعداد 168 ہو گئی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 514 کیسز بھی رپورٹ ہوئے، جس کے بعد ملک میں کیسز کی مجموعی تعداد 8,348 ہو گئی ہے۔