وزیراعظم کی عوام کو سماجی فاصلوں کی اہمیت پرآگاہی فراہم کرنے کی ہدایت
وزیراعظم کی زیر صدارت کورونا کی صورتحال سے متعلق اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے وزیراعظم کو کورونا کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں روز کی بنیاد پر 8 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے جار ہےہیں،رواں ماہ کے آخر تک روزانہ 20 ہزار ٹیسٹ کرنے کے ہدف کو حاصل کر لیں گے،ہسپتالوں کی استعداد کار کو بڑھانے سے متلعق خصوصی توجہ دی جار ہی ہے ۔ اس موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے بھی وزیراعظم کو بریفنگ دی کہ تیسری کھیپ میں 408 ہسپتالوں کو کورونا سے متعلق سامان بھجوایا گیا ،چوتھی کھیپ میں اس سامان کو دگنا کر دیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ تاجر برادری کی مشکلات کا مکمل ادراک ہے اور حکومت کوشاں ہے،کورونا کے خلاف سب سے موثر حمکت عملی سماجی فاصلوں کو یقینی بنانا ہے ،عوام کو سماجی فاصلوں کی اہمیت بارے زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کی جائے،کورونا کے خلاف جنگ میں ڈاکٹر اور طبی عملہ ہمارا ہراول دستہ ہے،طبی عملے کی ضرورت پوری کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔