لیگی قیادت کوعوام کی بجائےشریف خاندان کا درد ستا رہا ہے:فردوس عاشق اعوان
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان صاحب جن حکمرانوں سے ملک نہیں چلتا تھاعوام نے انہیں اقتدار سے باہر پھینک دیا،آج پوری قوم کورونا کےخلاف جنگ میں برسر پیکار ہے،ایک جانب وزیراعظم عمران خان عوام کو کورونا سےمحفوظ رکھنے اور بھوک سے بچانے کے اقدامات کر رہے ہیں،دوسری جانب(ن)لیگی قیادت کوعوام کی بجائےشریف خاندان کا درد ستا رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں (ن) لیگیوں کا شہباز شریف کو یاد کرنا ان کی اقتدار کی محرومی سے جڑا ہے،اپوزیشن لیڈر آئے عوام کے ساتھ کھڑا ہونے کیلئے تھے ، لیکن بیٹھے آئسو لیشن میں ہوئے ہیں ، قانون کو اپنے تابع رکھنے والے جان لیں کہ نئے پاکستان میں اِدارے آزاد اور قانون بالا دست ہے ،شاہد خاقان صاحب اپنی قیادت سے کہیں قوم کی امانت واپس کردے، یہ قوم کی خدمت کا وقت ہے، مگر افسوس کہ آج آپ کی قیادت کورونا متاثرین پر اپنی جیب سے چند دمڑیاں خرچ کرنے کی بھی شو بازی نہیں کر رہی ، دہائیوں جس ملک پر حکمرانی کی آج اس کے عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کا وقت ہے ۔