روشنیوں کے شہرمیں موت کاکھیل جاری، کراچی میں رات سے اب تک مزید سات افراد کو موت کے گھاٹ اتاردیا گیا۔
صوبائی اور وفاقی حکومت کی جانب سے قیام امن کے دعوؤں کے باوجود شہر قائد میں موت کا رقص بدستور جاری ہے اور رات بارہ بجے سے اب تک مزید سات افراد ٹارگٹ کلنگ کی بھینٹ چڑھ گئے ہیں۔ سچل گوٹھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ بلدیہ ٹاؤن میں ایک شخص کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا جبکہ بیس افراد زخمی ہوچکے ہیں۔ فیڈرل بی ایریا سے ایک نوجوان کی لاش ملی ہےجبکہ اورنگی ٹاؤن ڈبہ موڑ پربھی ایک شخص دہشت گردوں کا نشانہ بن گیا۔ ادھر پاک کالونی سے بھی دوافراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ عثمان آباد میں دہشت گردوں نے راکٹ فائرکیا جسکے نتیجے میں ایک بچی زخمی ہوگئی جبکہ لیاری، اولڈ سٹی ایریا، بلدیہ کورنگی، اورنگی ٹاؤن اورپاک کالونی میں اب بھی کشیدگی برقرارہے۔