سیاست و معیشت کو دین کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے، خطبہ حج -

Aug 20, 2018 | 15:15

عرفات: مسجد نبویؐ کے امام شیخ حسین بن عبدالعزیز ال الشیخ نے خطبہ حج دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام کی اصل تصویر احسن اعمال پر ہے جب کہ سیاست اور معیشت کو دین کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے۔مسجد نبویؐ کے امام شیخ حسین بن عبدالعزیز ال الشیخ نے مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کو حکمرانوں کی فرمانبرداری اور اطاعت کا حکم دیا گیا ہے، حکمران ایسا ہونا چاہیے کہ اللہ کی اطاعت کرے اور ہر طرح کی برائی کو روکے، حکمرانی ایسی ہو جس میں  الله اور اس کے رسول ﷺ کے احکامات کی پیروی کی جائے، شریعت کے مطابق زندگی بسر کی جائے،  اللہ کا حکم ہے فیصلہ سازی عدل کی بنیاد پر کی جائے، سیاست اور معیشت کو دین کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے۔خطبہ حج میں کہا گیا کہ مسلمان کا مال، خون اور عزت دوسرے مسلمان پر حرام ہے، اسلام ظلم و زیادتی کو پسند نہیں کرتا، مسلمان کو چاہیے کہ کسی کے ساتھ زیادتی نہ کرے، نبی پاک ﷺ کی پیش کردہ اخلاقیات کسی بھی بے گناہ کو نقصان پہنچانے سے روکتی ہیں، معاشرے کے امن کیلیے ہر مسلمان کو کوشش کرنی چاہیے، اخلاق حسنہ معاشرے کو کامیابی کی طرف لے جاتا ہے، پوری دنیا کو قرآن پاک کے مطالعے کی دعوت دیتے ہیں، قرآن سیدھے راستے کی طرف لے کر جاتا ہے۔

مزیدخبریں