بھارت نے دریائے ستلج میں پانی چھوڑدیا،پاکستان کے دریائی نظام میں سیلاب جیسی صورتحال

بھارت نے کسی اطلاع کے بغیر دریائے ستلج میں تقریبا دو لاکھ کیوسک پانی چھوڑدیا ہے جس سے پاکستان کے دریائی نظام میں سیلاب جیسی صورتحال پید ا ہوگئی ہے۔ آبی وسائل کی وزارت کے ترجمان کے مطابق دریائے ستلج میں بھارتی پنجاب سے آنے والا سیلابی ریلہ آج (منگل) سہ پہر تین بجے سے رات آٹھ بجے کے درمیان گنڈا سنگھ والا میں داخل ہو گا۔سیلاب کے پانی کی معمول کی سطح اسی ہزار سے نوے ہزار کیوسک ہو گی جبکہ اس کی زیادہ سے زیادہ سطح ایک لاکھ پچاس ہزار کیوسک ہو گی۔انہوں نے کہا کہ پاک پتن قصور وہاڑی اوکاڑہ بہاولنگر اور بہاولپور سمیت پنجاب کے مختلف علاقے سیلاب سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ترجمان نے کہا کہ ان علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور سیکورٹی فورسز سمیت وفاقی اور صوبائی ادارے کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں