امریکی صدرڈونلڈٹرمپ کی وزیراعظم عمران خان سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے بارے گفتگو

وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاہے کہ امریکہ کے صدرڈونلڈٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیاہے۔صدرٹرمپ نے یہ رابطہ بھارتی وزیراعظم نریندرمودی سے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کے بارے گفتگو کے بعد کیا۔شاہ محمودقریشی نے رات اسلام آباد میں ایک پریس بریفنگ کے دوران کہاکہ صدرٹرمپ نے سولہ اگست کو وزیراعظم عمران خان کی ٹیلی فون کال کے بعد نریندرمودی سے ٹیلی فون پر بات کی اور دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کم کرنے پرزوردیا۔شاہ محمودقریشی نے کہاکہ وزیراعظم نے ٹیلی فون پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بتایا کہ بھارت کے یکطرفہ فیصلے کا مقصد بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقے کی خصوصی حیثیت اور وہاں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی فیصلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اورعالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ شاہ محمودقریشی نے کہاکہ کشمیرمیں کرفیوکے نفاذ کاتیسراہفتہ شروع ہوگیا ہے اور بھارتی حکام نے ہزاروں کشمیریوں کو گرفتاربھی کیا ہے۔انہوں نے مقبوضہ کشمیرمیں کرفیو کی پابندیاں فوری طورپر ہٹانے کامطالبہ کیا اور کہاکہ انسانی حقوق کی تنظیموں کو کشمیر کے زمینی حقائق کاپتہ لگانے کی اجازت دی جانی چاہیے۔وزیرخارجہ نے صدرٹرمپ پرزوردیاکہ وہ عالمی تنظیموں کے ساتھ بھارتی حکومت کے وعدوں کی پاسداری کے لئے اپناکرداراداکریں۔شاہ محمودقریشی نے ڈونلڈٹرمپ کابحران حل کرانے کے لئے مثبت کرداراداکرنے پر اُنکا شکریہ اداکیا۔