کشمیر میں کرفیو کا 15 واں دن: جنت نظیر خطے میں جہنم دہکنے لگا

سری نگر: مقبوضہ وادی کشمیر میں گزشتہ 15 روز سے جاری کرفیو نے وہاں آباد افراد کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ بگڑتی ہوئی صورتحال کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جنت نظیر کشمیر میں سلگنے والی آگ وقت کے ساتھ ساتھ اب دہکنے اور لوگوں کو جلانے لگی ہے۔ علاقے سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کرفیو کے دوران قابض بھارتی افواج نے چار ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کرکے جیلوں اور عقوبت خانوں میں منتقل کردیا ہے جب کہ جگہ جگہ لگے فوجی ناکوں کے سبب وادی چنار فوجی چھاؤنی کا منظر پیش کررہی ہے۔ کرفیو اور سناٹے کے راج میں بھوک سے بلکتے بچوں اور ادویات کی عدم دستیابی کے باعث درد سے کراہتے بزرگوں کی سسکیاں درد مند دل رکھنے والوں کو خون کے آنسو رلا رہی ہیں۔