ٹرمپ نے اپنے ٹوئٹ میں عمران خان اور مودی کو اپنا بہترین دوست قرار دیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیر اعظم عمران خان اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے علیحدہ علیحدہ ٹیلی فونک رابطوں کے بعد دونوں ممالک کی قیادت سے بات چیت کے عمل کو مثبت قرار دے دیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کشمیر کے معاملے پر پاکستانی اور بھارتی وزیراعظم سے بات چیت مثبت رہی ۔امریکی صدر نے اپنے ٹوئٹ میں عمران خان اور نریندر مودی کو اپنا بہترین دوست قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے اچھے دوستوں سے بات چیت میں تجارت، اسٹریٹیجک شراکت داری اور سب سے بڑھ کر کشمیر میں کشیدگی میں کمی کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا ۔انہوں نے کہا کہ 'خطے میں صورت حال کشیدہ ہے مگر یہ بات چیت مثبت رہی۔