بھارتی آبی جارحیت: پاکستان اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے تمام آپشنز استعمال کرے گا ۔فیصل واڈا

1960میں ہونے والے سندھ طاس معاہدے سے متعلق بھارتی رویے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کا کہنا ہے کہ وہ معاہدے کے تحت اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے تمام آپشنز استعمال کرے گا۔ وزیر آبی ذخائر فیصل واڈا نے اپنے بیان میں نشاندہی کی کہ بھارت معاہدے کے تحت غیر معمولی پانی کے اخراج کے حوالے سے پاکستان کو اطلاع دینے کا پابند ہے تاہم وہ متعدد مرتبہ درخواست دیے جانے کے باوجود معاہدے پر عمل نہیں کر رہا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کمشنر برائے انڈس واٹرز، جو معاہدے کے تحت بھارت سے بات چیت کا ذریعہ ہیں، نے اپنے بھارتی ہم منصب کو بین الاقوامی وعدوں کو پورا نہ کرنے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 1960کا معاہدہ پاکستان اور بھارت سمیت خطے میں امن کا ذریعہ ہے تاہم اگر بھارت اپنے اعتراضات پورے نہیں کرے گا تو معاہدہ پاکستان کو انصاف فراہم کرنے کے لیے میکانزم فراہم کرتا ہے'۔فیصل واڈا کا کہنا تھا کہ حکومت معاہدے میں فراہم کیے گئے تمام آپشنز پر غور کرے گی، آرٹیکل 12 کے تحت نہ ہی بھارت اور نہ ہی پاکستان خود سے معاہدے کو توڑ سکتا ہے حتی کہ اس میں دونوں ممالک نے مل کر تبدیلی نہ کی ہو۔