ٹرین سے گرنے والے نوجوان کی جان بچانے پر پولیس کانسٹیبل کے لیے ’اعزاز‘
وزیراعظم عمران خان نے چلتی ٹرین سے ٹریک پر گرنے والے نوجوان کو بچانے والے پولیس کانسٹیبل جمیل کلھوڑو کو ان کی خدمت کے اعتراف میں اعزاز سے نوازنے کا اعلان کیا ہے۔ جمعے کو اپنی ایک ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ ’ہم نے کانسٹیبل جمیل کلھوڑو کی اپنے فرائض کی انجام دہی کی لگن دیکھتے ہوئے انہیں 23 مارچ یوم پاکستان پر اعزاز سے نوازنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘ نوجوان کو ٹرین کے نیچے سے بچانے والے پولیس کانسٹیبل کا کارنامہ وزیراعظم عمران خان کو بھی بھا گیا اور انہیں اپنے انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔ جمعرات کے روز پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر صوبہ سندھ کے ایک پولیس کانسٹیبل کی ویڈیو لگائی جس نے حاضر دماغ دکھاتے ہوئے ایک نوجوان کو ٹرین کے نیچے آنے سے بچایا تھا۔