کرپشن ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کررہی ہے، موٹروے منصوبہ کراچی تک جانا تھا جسے سازش کے تحت روکا گیا۔ نواز شریف

کراچی میں صنعت کاروں اور تاجروں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ کرپشن نے ملک کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے، ملکی ترقی کے لیے تاجروں اور صنعکاروں کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ موٹروے منصوبہ کراچی تک آنا تھا جسے ایک سازش کے تحت روک دیا گیا۔ مسلم لیگ نون کی حکومت کو اپنی مدت پوری کرنے دی جاتی تو ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا۔ نون لیگ کے دور میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا اور پاکستان بھارت کو بجلی فروخت کرنے کے قابل ہوگیا تھا۔ ہماری پالیسیوں کو اپنا کر بھارت نے اپنا سفر شروع کیا اور آج اس کا سکہ ہم سے زیادہ مضبوط ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ درآمدات پر پانچ فیصد سے زائد ڈیوٹی نہیں ہونی چاہیے۔ ملاقات میں مسلم لیگ نون کے رہنما غوث علی شاہ، اقبال ظفرجھگڑا، پرویز رشید، احسن اقبال اور دیگر بھی شریک تھے۔