لیبیا، قذافی حکومت کے خاتمے کی وجہ بننے والے نیٹو فضائی حملوں کے دوران شہری ہلاکتوں کے واقعات کی جامع اورغیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں۔ روسی سفیر
غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ میں روس کے سفیرویٹالی چُرکن نے یہ مطالبہ ان رپورٹوں پر اپنے ردعمل میں کیا جن میں خانہ جنگی کے دوران عام شہریوں کی ہلاکتوں کا انکشاف کیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ میں روسی سفیر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو ابھی تک عالمی سلامتی کونسل کو اس بارے میں تفصیلی اعداد وشمار مہیا کرنے میں ناکام رہا ہے۔ ویٹالی چُرکن نے یہ اعلان بھی کیا کہ وہ اسی ہفتے جمعرات کو پندرہ رکنی سلامتی کونسل میں یہ موضوع اٹھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بات قابل افسوس ہے کہ نیٹو نے اپنے اس مشن کے حوالے سے محض ایک پروپیگنڈا مؤقف اختیار کر رکھا ہے۔