نوازشریف کی بد قسمتی ہے کہ وہ کلب کرکٹر ہیں ،اس میچ میں انہیں کوئی جنرل جیلانی بھی شکست سے نہیں بچا سکتا۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان

لاہورمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےعمران خان کا کہنا تھا کہ پچھلے پچیس سال میں نون لیگ پانچ مرتبہ اقتدار میں آئی لیکن عوام کے لئے کچھ بھی نہیں کیا۔میاں نواز شریف کی جانب سے دس، دس اورز کا میچ کھیلنے کی دعوت پرعمران خان کا کہنا تھا کہ نون لیگی صدر کلب لیول کے پلیئر ہیں جبکہ بد قسمتی سے ان کا پالا ٹیسٹ کرکٹر سے پڑا ہے، ان کو سیاسی مار سے کوئی جنرل جیلانی بھی نہیں بچا سکے گا ۔عمران خان نے کہا کہ پچیس دسمبر کو کراچی میں عوامی دھماکہ ہوگا اور کراچی میں ہونے والے جلسے میں وہ عوامی مسائل کا حل پیش کریں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف میں شامل ہونے والے لوگ کسی پارٹی نہیں بلکہ ایک انقلاب کا حصہ بن رہے ہیں۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے چیئرمین سے ریلوے اتحاد یونین کے سربراہ حافظ سلمان بٹ نے بھی ملاقات کی اورکل ریلوے ہیڈ کوارٹر میں ہونے والے احتجاجی دھرنے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔اس موقع پر متعدد سابق ایم پی ایز اور ناظمین نے تحریک انصاف میں شمیولیت کا اعلان بھی کیا۔