ملک بھر میں انسداد پولیو ٹیموں پر حملوں کے خلاف سینیٹ میں مذمتی قرار داد منظور کرلی گئی۔
سینیٹ کا اجلاس چیئرمین فاروق ایچ نائیک کی زیر صدارت جاری ہے۔ اجلاس میں انسداد پولیو ٹیموں پر حملوں کے خلاف مختلف جماعتوں کے ارکان کے دستخطوں سے متفقہ قرار داد پیش کی گئی جسے ایوان نے منظور کرلیا، قرار داد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پولیو ٹیموں پر حملوں میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کیا جائے اور قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ بچوں کے تحفظ کیلئے انسداد پولیو مہم جاری رہنی چاہئے جبکہ وفاقی و صوبائی حکومتیں انسداد پولیو مہم میں شریک افراد کا تحفظ کریں۔ قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ انسداد پولیو ٹیموں پر حملوں میں جاں بحق و زخمی افرادکے لواحقین کو مناسب معاوضہ بھی دیا جائے۔