ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں روسی سفیر قاتلانہ حملے میں ہلاک ہوگئے،پولیس کی جوابی کارروائی میں حملہ آور کو بھی مار دیا گیا
ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں ایک تصویری نمائش کے افتتاح کے موقع پر روسی سفیر پر ایک سول لباس میں ملبوس پولیس اہلکار نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں آندرے کارلوف شدید زخمی ہوگئے، انہیں موقع پر طبی امداد بھی دی گئی لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے,روسی وزارت داخلہ نے اپنے سفیر کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے واقعے کو دہشتگردانہ کارروائی قرار دیا ہے، آندرے کارلوف پر فائرنگ کرنے والے شخص کو پولیس نے موقع پر ہی گولی مار کر ہلاک کردیا، عینی شاہدین کے مطابق حملہ آوور نے فائرنگ کے بعد نعرہ لگایا تھا کہ اس نے حلب کا بدلہ لیا ہے، اس واقعے میں تین افراد زخمی بھی ہوئے ہیں،اقوام متحدہ ،امریکا اور جرمنی نے ترکی میں روسی سفیر پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے،یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب ترکی میں روس کے شام میں کردار کے حوالے سے کئی دن سے احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، جبکہ آج ماسکو میں حلب کی صورتحال پر بات چیت کیلئے روس، ترکی اور ایران کے وزرائے خارجہ کا اجلاس بھی منعقد ہورہا ہے