شیخ رشید بھی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے رہے۔ کہا کہ سارے اثاثے ایک کے بچوں کے ساتھ ہی کیوں ہیں، شہبازشریف کے بچوں نے کیا گناہ کیا
قومی اسمبلی کا اجلاس اور ایک بار پھر شیخ رشید کا جارحانہ انداز،،، پانامہ لیکس کے معاملے پر حکومت پر تنقید کرتے ہوئے سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم نے جتنی بار قوم سےخطاب کیا وہ بھی ایک ریکارڈ ہے،نوازشریف نے اسمبلی میں کہا کہ ان کے پاس تمام دستاویزات موجود ہیں لیکن وہ دستاویز سپریم کورٹ میں پیش نہ کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں کسی نے نہیں کہا کہ پاناما لیکس کی دستاویز غلط ہیں، مسئلہ بارہ ملین درہم کا ہے اور بارہ ملین درہم کا سفر ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا۔ شیخ رشید نے کہا کہ سارے اثاثے ایک کے بچوں کے ساتھ ہی کیوں ہیں، وزیراعلی پنجاب شہبازشریف کے بچوں نے کیا گناہ کیا ہے۔اس دوران شیخ رشید پیپلز پارٹی پر بھی تنقید کرنے سے نہ چونکے، انہوں نے کہا کہ خورشیدشاہ کہتے ہیں پارلیمنٹ میں آئیں، ستائیس دسمبر کو خورشید شاہ کا بھی پتہ چل جائے گا۔سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو مخاطب کرکے شیخ رشید نے کہا کہ آپ نےعمران خان کا کیس الیکشن کمیشن میں بھیج دیا، اگر وزیراعظم کا کیس بھی بھیج دیتے تو آپ کی شان میں اضافہ ہوجاتا۔