مغربی ممالک طالبان اور داعش دونوںکی مدد کر رہے ہیں۔ افغان رکن پارلیمنٹ
کابل ۔ 20 دسمبر (اے پی پی) افغان رکن پارلیمنٹ فکوری بہشتی نے کہاکہ مغربی ممالک افغانستان میں طالبان اور داعش دونوں کی مدد کر رہے ہیں۔ افغان رکن پارلیمنٹ فکوری بہشتی نے ایوان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امریکا اور مغربی ملکوں کو افغانستان میں جاری بدامنی کا اصل ذمہ دار قرار دیا۔ انہوں نے مغربی ممالک پر زور دیا کہ وہ دہشت گرد گروہوں کی مدد کرنے کے بجائے صرف افغان حکومت کی مدد کریں۔افغان رکن پارلیمنٹ نے سپیکر سے اپیل کی کہ وہ کابل واشنگٹن سکیورٹی معاہدے پر نظرثانی کا راستہ ہموار کریں کیونکہ امریکا نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ کسی بھی بین الاقوامی قانون کا پابند نہیں ہے۔انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ افغانستان میں غیر ملکی فوجیوں کی موجودگی سے قومی مفادات اور اقتدار اعلی کو زبردست نقصان پہنچ رہا ہے۔قبل ازیں افغان پارلیمنٹ کے ڈپٹی سپیکر ظاہر قدیر نے کہا تھا کہ صوبہ ننگرہار میں اسلحے اور غذائی اشیا سے لدے کئی نامعلوم ہیلی کاپٹر داعش کے زیر قبضہ علاقوں میں اترے ہیں۔