امریکا نے پہلے مرحلے میں ایران کو15مسافر بردار طیاروں کی فروخت کا حتمی لائسنس جاری کردیا۔
تہران ۔ 20 دسمبر (اے پی پی) امریکا نے پہلے مرحلے میں ایران کو15مسافر بردار طیاروں کی فروخت کا حتمی لائسنس جاری کردیا ۔ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق ٹرانسپورٹیشن اور پیکجنگ صنعتوں کی پہلی بین الاقوامی نمائش سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے نائب وزیر ٹرانسپورٹ اصغر فخریہ کاشان نے کہا کہ امریکی محکمہ خزانہ15 ہوائی جہازوں کی فراہمی کے بعد مزید 65 بوائنگ ہوائی جہازوں کی فروخت کا لائسنس بھی جاری کردے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران نے ایئر بس کمپنی سے بھی سو مسافر بردار طیاروں کی خریداری کا معاہد کیا ہے جو تین مرحلوں میں ایران کو فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسافر بردار طیاروں کے ساتھ ساتھ، ایران کو ٹیکنالوجی بھی منتقل کی جائے گی جس کے بعد ایرانی کمپنیاں بھی مذکورہ ہوائی جہازوں کے فاضل پرزہ جات تیار اور دنیا کے مختلف ملکوں کو برآمد کرنے کے قابل ہوں گی۔