ایران کو خطرہ بنا کر پیش کرنے کی برطانیہ اور اسرائیل کی پالیسیاں ناکام ہو چکی ہیں۔ ایرانی ترجمان
تہران ۔ 20 دسمبر (اے پی پی) ایران نے خطے میں برطانیہ اور اسرائیل کی پالیسیوں کو ناکام پالیسیاں قرار دیا ہے۔ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق تہران میں ہفتہ وار پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ایران مخالف برطانوی اور اسرائیلی پالیسیوں کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایران کو خطرہ بنا کر پیش کرنے کی پالیسیاں ناکام ہو چکی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ خطے میں رونما ہونے والے تمام سانحے سامراجی ملکوں اور صیہونی حکومت کے اقدامات کا نتیجہ ہیں۔ بہرام قاسمی نے آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل یوکیا آمانو کے حالیہ دورہ تہران کے بارے میں کہا کہ ان کا دورہ تہران، ایران اور عالمی ادارے کے درمیان تعاون کا حصہ ہے اور اس میں فنی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے واضح کیا کہ ہر معاہدے کی طرح ایران نے جامع ایٹمی معاہدے کے حوالے سے اپنی منصوبہ بندی کر لی تھی اور ہم کسی بھی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔