ڈائمنڈ کرکٹ کلب اسلام آباد کی ٹیم 4 ون ڈے اور 1 ٹونٹی ٹونٹی میچ کھیلنے متحدہ عرب امارات پہنچ گئی۔
لاہور( نمائندہ سپورٹس) ڈائمنڈ کرکٹ کلب اسلام آباد کی ٹیم سات روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئی ہے۔ ٹیم مختلف مقامی کرکٹ کلبوں کیساتھ سات دن میں پانچ میچز کھیلے گی۔ پندرہ رکنی اسکواڈ کی قیادت معید نوید احمد شیخ کر رہے ہیں۔ جبکہ عتیق احمد شیخ ٹیم مینجر اور میڈیا مینجر کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ کپتان معید شیخ کا کہنا ہے کہ اس دورے سے نوجوان کرکٹرز کی صلاحیتوں میں نکھار آئیگا۔ کلب نے اس دورے کے انتظامات اپنی مدد آپکے تحت کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دورے کا مقصد نوجوان کرکٹرز کو مستقبل کے لیے تیار کرنا ہے۔ ڈائمنڈ کرکٹ کلب کے کپتان نے کہا کہ مستقبل میں بھی بیرون ملک دوروں کا سلسلہ جاری رہیگا ہم ملائشیا کے دورے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ ٹیم مینجر عتیق شیخ نے کہا کہ کلب کی سطح پر بیرون ملک دوروں کا سلسلہ نوجوان کرکٹرز کی صلاحیتوں کو نکھارنے کےساتھ ساتھ انہیں آف دی فیلڈ رویہ بہتر بنانے میں بھی مدد گار ثابت ہو گا۔ٹیم مینجر عتیق شیخ کا کہنا تھا کہ دورے کے لیے کلب کے ٹاپ پرفارمرز کا انتخاب شفاف انداز میں کیا گیا ہے۔ ڈائمنڈ کرکٹ کلب اس دورے میں مقامی کلبوں کے ساتھ چار ون ڈے اور ایک ٹونٹی ٹونٹی میچ کھیلے گا۔