لاہور ہائیکورٹ نے میرٹ کے برعکس ڈی جی ریسکیو کی تعیناتی کے خلاف دائر درخواست پر حکومت پنجاب سے جواب طلب کر لیا۔
لاہور۔20 دسمبر(اے پی پی )لاہور ہائیکورٹ نے میرٹ کے برعکس ڈی جی ریسکیو 1122 ڈاکٹر نصیر کی تعیناتی کے خلاف دائر درخواست پر حکومت پنجاب سے 23 جنوری کو جواب طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار بریگیڈئیر طارق حسین مریدی کے وکیل ملک اویس خالد نے موقف اختیار کیاکہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر چیف سیکرٹری پنجاب کی قائم کمیٹی نے میرٹ پر پورا اترنے کے باوجود درخواست گزار کو نظر انداز کرتے ہوئے ڈاکٹر رضوان نصیر کو ڈی جی 1122 کے عہدے پر تعینات کر دیا۔انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر رضوان نصیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی تعلیم اور تجربہ نہیں رکھتے جبکہ وہ پہلے ہی اپنے عہدے کی معیاد پوری ہونے پر فارغ کئے جا چکے تھے۔انہوں نے استدعا کی کہ مطلوبہ تعلیمی قابلیت اور تجربہ نہ رکھنے کی بناء پرڈی جی ریسکیو 1122 ڈاکٹر رضوان نصیر کو عہدے سے ہٹانے کے احکامات صادر کئے جائیں۔جس پر عدالت نے حکومت پنجاب کو 23 جنوری کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔