اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل کی ترکی میں روس کے سفیر آندرے کارلوف کے قتل کی مذمت
اقوام متحدہ ۔ 20 دسمبر (اے پی پی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے ترکی میں روس کے سفیر آندرے کارلوف کے قتل کی سخت مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ سفارتی اہلکاروں اورعام شہریوں کو نشانہ بنانے کا کوئی جواز نہیں۔ بان کی مون کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی ادارہ کے سیکرٹری جنرل کو دہشتگردی کی اس کارروائی سے شدید صدمہ پہنچا ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے مقتول سفیر کے اہل خانہ ، روسی حکومت اور عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس واقعہ میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کےلئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ اس واقعہ کے حوالے سے پیدا ہونے والی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ دریں اثناءسلامتی کونسل کی طرف سے جاری ایک بیان میں بھی اس واقعہ کی شدید مذمت کی گئی ہے اور اس واقعہ کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ضرورت پر زور دیاگیا ہے۔ سلامتی کونسل نے اپنے بیغام میں دہشتگردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی امن کے لئے سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔ سلامتی کونسل کے رکن ممالک نے ویانا کنونشن کے تحت سفارتخانوں ، قونصل خانوں اور سفارتی عملے کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔