سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مملکت کا مالی سال 2018 کے لیے 978 ارب سعودی ریال کے بجٹ کا اعلان کردیا ہے

ریاض کے الیمامہ شاہی محل میں منعقد کابینہ کے خصوصی اجلاس سے خطاب میں شاہ سلمان کا کہنا تھا کہ نیا مالی بجٹ تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ ہے، جس میں تیل پر انحصار 50 فیصد کم کردیاگیا ہے ،جبکہ ویژن 2030 کے تحت 12 بڑے پروگراموں کا اطلاق کیا جائے گا،
کابینہ کے سکریٹری عبدالرحمن بن محمد بن عياف نے بجٹ کا شاہی فرمان پڑھ کر سنایا، جس میں بتایا گیا ہے کہ سال 2018 کے لیے منظور کردہ بجٹ میں اخراجات کا تخمینہ 978 ارب سعودی ریال اور آمدن کا تخمینہ 783 ارب ریال لگایا گیا ہے،
اس طرح آئندہ سال بجٹ خسارہ 195 ارب ریال ہوگا، جبکہ مالی سال 2019 کے متوقع بجٹ میں اخراجات کا تخمینہ 1006 ارب سعودی ریال اور آمدن کا تخمینہ 843 ارب ریال لگایا گیا ہے،یوں بجٹ خسارہ 163 ارب ریال ہوگا