بھارت میں بغیر ڈرائیورچلنے والی میٹرو ٹرین آزمائش میں ہی حادثے کا شکار ہوگئی
بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میںاپنی نوعیت کی پہلی بغیر ڈرائیور میجنٹا لائین میٹرو ٹرین افتتاح سے ایک ہفتہ قبل اپنے پہلے ہی آزمائشی سفر میں حادثہ کا شکار ہو گئی۔حادثے میں ٹرین کی دو بوگیاں اور انجن مکمل طور پر تباہ ہو گئے تاہم ٹرین میں کوئی مسافر سوار نہ ہونے کے باعث کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔ٹرین کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی کرسمس کے روز کرنے والے ہیں۔میٹرو ٹرین صنعتی علاقے نوئیڈا ریلوے اسٹیشن سے روانہ ہوئی اور تقریبا ساڑھے بارہ کلو میٹر کا فاصلہ طے کر کے صرف19منٹ میں جنوبی دہلی میں کالندی کنج ڈپو پہنچی جہاں اس کے بریک مکمل طور پر فیل ہو گئے ۔نتیجے میں وہ ڈپو کی دیوار کو توڑتی ہوئی واشنگ ریمپ سے جا ٹکرائی ۔دہلی میٹرو ریل کارپوریشن کے ایک اعلامیہ میں بتایا گیا کہ یہ حادثہ انسانی غلطی کے باعث پیش آیا تاہم اس کا افتتاح شیڈول کے مطابق کرنے کا اعلان کیا گیا۔