بھارتی جاسوس کلبھوشن جادیو کی والدہ اور اہلیہ کو ویزے جاری کردیے گئے
نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے پاکستان میں منفی سرگرمیوں میں ملوث بھارتی جاسوس کلبھوشن جادیو کی اہلیہ اور والدہ کو انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر ویزے جاری کر دیے۔ پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کلبھوشن کی اہلیہ سے ملاقات کی پیشکش کی تھی۔ تاہم بھارت نے پاکستان سے کلبھوشن کی اہلیہ کیساتھ والدہ کی بھی ملاقات کیلیے درخواست کی تھی۔ اہلیہ اور والدہ کی کلبھوشن جادیو سے ملاقات پچیس دسمبر کو ہوگی۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق بھارتی جاسوس کلبھوشن جادیو کی اہل خانہ سے ملاقات انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر کرائی جارہی ہے۔ ملاقات میں بھارتی ہائی کمیشن کا ایک سفارتکار بھی موجود ہوگا۔ واضح رہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن جادیو کو تین مارچ دوہزار سولہ کو بلوچستان کے علاقے سے پکڑا گیا تھا۔,کلبھوشن جادیو عرف حسین مبارک پٹیل پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہے۔ کلبھوشن جادیو کے اعتراف کے بعد فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے کلبھوشن جادیو کو دس اپریل دوہزار سترہ کو پھانسی کی سزا سنائی تھی