شیخ رشید سے چینی سفیر کی ملاقات ، کراچی تا پشاور مین لائین ون ریل منصوبے پر تبادلہ خیال
وزیرریلوے شیخ رشید احمد سے پاکستان میں چین کے سفیر یاو جِنگ نے ملاقات کی ،جس میں کراچی تا پشاور مین لائین ون ریل منصوبے پر پیشرفت سے متعلق بات چیت کی گئی ۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا کہ 1872 کلو میٹر کراچی پشاور مین لائین ون منصوبے کا پی سی ون پیکج پلاننگ کمیشن کوبجھوا دیا ہے،امید ہے اسی سال منظور ہوجائیگا،ایم ایل ون پر کام اگلے سال سے شروع کیا جا رہا ہے، منصوبے کی رفتار کو مزید تیز کرینگے،ایم ایل ون پراجیکٹ سی پیک منصوبوں کا دل ہے، پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے ناگزیر ہے۔چینی سفیر نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبہ سی پیک کے اگلے فیز کا اہم ترین منصوبہ ہے چین اس تکمیل کےلئے تمام وسائل فراہم کرے گا،چینی حکومت اور ریل کمپنیاں ،پاکستان ریلوے کی ترقی میں تمام ممکنہ معاونت فراہم کرینگی۔