خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج سے ہمیں کوئی پریشانی نہیں; وزیر اطلاعات فواد چوہدری
اسلام آباد: وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج سے ہمیں کوئی پریشانی نہیں ان انتخابات سے پی ٹی آئی کی غیر مقبولیت ظاہر نہیں ہوتی۔اپنے بیان میں وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج اور دیگر انتخابات کے نتائج کو دیکھا جائے تو پاکستان تحریک انصاف کا ووٹ بینک مختلف نہیں، عمران خان نے طاقتور بلدیاتی نظام کا جو وعدہ کیا تھا وہ پورا کر دیا، عمران خان اور پی ٹی آئی کی مقبولیت اب بھی موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بلاول اور مریم کے حوالے نہیں کیا جاسکتا، ان کی حیثیت عمران خان کے مقابلے میں سیاسی بونوں جیسی ہے، خیبر پختونخوا کے انتخابات میں پی ٹی آئی کے چار چار لوگوں نے کئی جگہوں پر آزاد امیدوار کی حیثیت سے حصہ لیا، پی ٹی آئی کے امیدواروں اور ان آزاد امیدواروں کے ووٹوں کو یکجا کرلیں تو یہ ووٹ بینک پاکستان تحریک انصاف کا ہی ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات سے ایک بات ثابت ہوگئی ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے علاوہ بھی خیبر پختونخوا میں دیگر علاقائی جماعتوں کا ووٹ بینک موجود ہے، پاکستان تحریک انصاف کے مدمقابل جماعتوں کا موازنہ کیا جائے تو پنجاب میں پی ٹی آئی کا مقابلہ ایک پارٹی سے جبکہ سندھ میں دوسری اور خیبر پختونخوا میں کسی تیسری جماعت سے ہے۔