انگلینڈ سے شکست پر مایوسی ہوئی، اس کا سامنا کروں گا; بابر اعظم
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اپنی کپتانی کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں دباؤ کو انجوائے کرتا ہوں اور اس سے بیٹنگ پر فرق نہیں پڑتا بلکہ یہ ’عزت‘ کی بات ہے تاہم انگلینڈ سے شکست پر مایوسی ہے۔کراچی میں انگلینڈ کے خلاف سیریز کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ’میرے لیے خاص طور پر بحیثیت کپتان کافی مایوس کن ہے کہ ہم سیریز میں اتنا اچھا نہیں کھیل سکے، مگر انگلینڈ نے جس طرح کرکٹ کھیلی ہے اس کو سراہنا چاہیے‘۔انہوں نے کہا کہ ہماری بدقسمتی تھی کہ فاسٹ باؤلر فٹ نہیں تھے اور نئے لڑکوں نے بھی اس طرح نہیں کھیلا اور جب چیزیں ہمارے ہاتھ میں آئیں تو ہم تھوڑا سا جلدی آؤٹ ہوگئے جس کی وجہ سے جو میچ ہم جیتنے والے تھے وہ بھی ہار گئے۔
بابر اعظم نے اپنی کپتانی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ’میں دباؤ سے زیادہ لطف اندوز ہوتا ہوں، اس سے نہ تو بیٹنگ میں فرق پڑتا ہے نہ کسی اور چیز میں بلکہ یہ عزت کی بات ہے اور میری کوشش ہوتی ہے کہ جتنا ہو سکے اپنے اور ملک کے لیے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کروں‘۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم بالکل ہاری ہے اور بحیثیت کپتان میں ہی اس کا دفاع کروں گا اور جو بھی ہوگا میں اس کا سامنا کروں گا۔