بنوں آپریشن مکمل، تمام دہشتگرد ہلاک، 2 شہادتیں ہوئیں: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف
اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بنوں میں انسداد دہشتگردی کے ادارے (سی ٹی ڈی) کمپاؤنڈ پر قابض دہشت گردوں کے خلاف آپریشن مکمل کر لیا گیا، کارروائی کے دوران تمام ملک دشمن ہلاک ہو گئے جبکہ 2 شہادتیں ہوئی ہیں۔پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ بنوں کی صورتحال کے حوالے سے ایوان کو آگاہ کرنا چاہتا ہوں۔ 20 دسمبر کو دن ساڑھے بارہ بجے بنوں میں ایس ایس جی کمانڈوز آپریشن کا آغاز کیا، یہ آپریشن دن ڈھائی بجے مکمل کر لیا گیا، آپریشن میں تمام دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا جبکہ تمام یر غمال اہلکاروں کو بازیاب کرا لیا گیا ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ اس دوران تقریباً 15 ایس ایس جی کمانڈوز زخمی ہوئے اور دو شہادتیں ہوئی ہیں، دو دن قبل سی ٹی ڈی سنٹر میں ایک دہشت گرد واش روم استعمال کرنے کے بہانے اندر داخل ہوا اور اس نے سی ٹی ڈی اہلکار کو اینٹ مار کر اس سے گن چھین لی، اس کے بعد 33 کے قریب دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی سنٹر کے اہلکاروں کو یر غمال بنا لیا۔کے پی کے میں سرحد پار سے دہشت گردی ہو رہی ہے جبکہ صوبائی حکومت زمان پارک میں عمران خان کے ہاتھوں یرغمال بنی ہوئی ہے، صوبائی حکومت کا ہیلی کاپٹر عمران خان کے زیر استعمال ہے، عمران خان خواب دیکھ رہا ہے کہ دوبارہ وہاں حکومت بنائے گا۔