نواز شریف کیخلاف دو ضمنی ریفرنسز احتساب عدالت میں سماعت کے لیے مقرر کردیئے گئے۔
احتساب عدالت نے تحریری حکمنامہ جاری کردیا ہے۔ عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف دو ضمنی ریفرنسز سماعت کے لیے مقرر کردیئے ہیں۔ العزیزیہ سٹیل ملز اور فلیگ شپ انوسٹمنٹ کے ضمنی ریفرنسز پر سماعت بائیس فروری کو ہو گی۔ عدالت کے مطابق نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے ضمنی ریفرنسز کا جائزہ لینے کے لیے وقت مانگا تھا۔ بائیس فروری کو دونوں ضمنی ریفرنسز پر وکیل صفائی کے دلائل اور اعتراضات سنے جائیں گے۔ ایون فیلڈ پراپرٹیز کے ضمنی ریفرنس پر اعتراضات مسترد کر کے عدالت نے اسے عبوری ریفرنس کا حصہ بنا دیا تھا۔ پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف تین ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کیے تھے جو ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق تھے۔ العزیزیہ سٹیل ملز جدہ اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں نواز شریف اور ان کے دونوں بیٹوں کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔