ججز ہمارے لیے نہایت مقدم ہیں۔ ان کے نام لیکر ہرگز تنقید نہیں ہونی چاہیے۔ رانا ثنااللہ
پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرقانون رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ عدالتوں میں سائلین کے سامنے سرکاری افسران کی بے عزتی کی جاتی ہے اورنج لائن ٹرین منصوبہ بائیس ماہ رکا رہا جو فیصلہ بائیس ماہ بعد ہوا وہ بائیس روز میں بھی ہوسکتا ہے۔ ججز کے نام لیکر ہرگز تنقید نہیں ہونی چاہیے وہ ہمارے لیے نہایت مقدم ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ ججز کے ریمارکس پر جواب دیا جاسکتا ہے۔ سیاسی مخالفین ان ریمارکس کو استعمال کرتے ہیں۔ بہتر یہ ہے کہ ریمارکس نہ آئیں اور نہ ہی ان پر جواب آئے۔ انتظامیہ اس حد تک مفلوج ہوکر رہ گئی ہے کہ ملتان میں وکلاء کی توڑ پھوڑ کے مقدمے میں ملوث لوگوں کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے گزشتہ روز جو بات کی ججز کا احترام ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے کی۔ عدلیہ آزاد ہے لیکن اس کی حدود بھی متعین ہیں۔ آئین کے تحت ججز کو نکالنے کا طریقہ کار ہے اگر اس سے ہٹ کر نکالیں تو یہ غلط ہے۔ سیاست کو گالی بنا دینا اور انتظامیہ پر عدلیہ کو مسلط کر دینا درست نہیں ہوگا۔