فیض آباد دھرنا کیس: راجا ظفر الحق کمیٹی کی رپورٹ عدالت میں پیش کردی گئی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں فیض آباد دھرنا کیس کی سماعت جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کی۔ راجہ ظفر الحق کمیٹی کی رپورٹ پیش نہ کئے جانے پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ڈپٹی اٹارنی جرنل کی سرزنش کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ختم نبوت کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ رپورٹ پیش نہ کی گئی تو وزیراعظم،وزیر قانون اور وزیر داخلہ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کریں گے۔ عدالت کی جانب سے کچھ گھنٹے کی مہلت کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو راجہ ظفر الحق کمیٹی کی رپورٹ عدالت میں پیش کردی گئی۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ ارشد کیانی نے رپورٹ سیل کر کے عدالت میں پیش کی۔ جسٹس شوکت عزیز نے کہا کہ اس کیس کو اب دھرنا کیس نہ سمجھا جائے یہ کیس اب ختم نبوت سے متعلق ہے جس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہوگی۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ ارشد کیانی اور درخواست گزار کے وکیل کل دلائل جاری رکھیں گے۔