لاہور کے سیشن کورٹ میں وکیل نے فائرنگ کرکے دو ساتھی وکلا کو قتل کردیا
لاہور میں پولیس کی جانب سے سیشن کورٹ کی سیکیورٹی کے دعوے محض دعوے ہی نکلے,سیشن کورٹ میں فائرنگ کے ایک اورواقعے میں دو وکلا کی جان چلی گئی۔ ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران وکلا کے دوگروپوں میں تلخ کلامی ہوئی, معاملہ بڑھا تو وکیل کاشف راجپوت نے فائرنگ کرکے دو ساتھی وکلا کو قتل کردیا,فائرنگ سے جاں بحق ہونیوالے وکلا کی شناخت اویس اعوان اور رانا ندیم کی نام سے ہوئی ہے,فائرنگ کے واقعے کے بعد ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم موقع پر موجود وکلا نے ملزم کو پکڑکر پولیس کے حوالے کردیا۔ آئی جی پنجاب عارف نواز خان نے سیشن کورٹ میں فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے۔ آئی جی نے سی سی پی او سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ آئی جی پنجاب کے مطابق ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ سیشن کورٹ میں گزشتہ ماہ بھی فائرنگ کے واقعے میں پیشی پر عدالت لائے گئے ملزم سمیت پولیس اہلکار جاں بحق ہوا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس حکام کی جانب سے دعوی کیا گیا تھا کہ سیشن کورٹ کی سیکیوٹی بڑھا دی گئی اور مکمل تلاشی کے بعد ہی وکلا اور سائیلین کو سیشن کورٹ میں داخلے کی اجازت دی جارہی ہے