بریگزٹ ڈیل: برطانوی وزیراعظم آج برسلز کا دورہ کریں گی
بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں برطانوی وزیراعظم یورپی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں کریں گی اور بریگزٹ ڈیل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ تھریسامے اس دوران یورپی یونین کے رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتوں میں بریگزٹ ڈیل پر توجہ مرکوز رکھیں گی۔ برطانوی وزیراعظم بریگزٹ پر یکے بعد دیگرے شکست کے باوجود اپنی نظر ثانی شدہ بریگزٹ ڈیل کو منظور کرانے کیلئے کوشاں ہیں، برسلز کا دورہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ آج تھریسامے کی یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلود ینکر سے بھی ملاقات ہوگی، برطانوی پارلیمان نے ابھی تک مے کی یورپی یونین کے ساتھ بریگزٹ ڈیل کی منظوری نہیں دی۔ واضح رہے کہ گذشتہ دنوں برطانیہ کے سابق چانسلر اوسبورن نے کہا تھا کہ یورپی یونین سے برطانیہ کے انخلا کو ملتوی کرنا ہی اس وقت سب سے بہتر آپشن ہے، حکومت کو چاہیے کہ وہ ملک کو اس خطرناک صورتحال کی جانب نہ لے کر جائے۔