افغانستان میں دھماکا، 6 افراد ہلاک، کئی زخمی
افغانستان میں ایک بار پھر دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا، صوبہ لغمان میں دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ بم سڑک کنارے نصب تھا جو ایک گاڑی سے ٹکرایا اور دھماکا ہوگیا، سیکیورٹی اہلکاروں نے کارروائی کے بعد علاقے کو کلیئر قرار دے دیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد حملے کی ذمہ داری کسی عسکریت پسند گروہ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی البتہ اس قسم کے حملے طالبان کی جانب سے کیے جاتے رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کے اعداد وشمار کے مطابق گذشتہ سال جنوری سے ستمبر کے دوران افغانستان میں دہشت گرد حملوں میں 2 ہزار 8 سو عام شہری مارے گئے جبکہ پانچ ہزار کے قریب افراد زخمی بھی ہوئے۔ خیال رے کہ رواں سال جنوربی میں افغانستان کے صوبے وردک میں فوجی اڈے کے قریب خودکش دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک جبکہ 27 زخمی ہوگئے تھے۔