محکمہ موسمیات کی آج اور کل ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات نے آج اور کل ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کر دی۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ سمیت دیگر مقامات پر بادل برسیں گے، پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے۔ سندھ کے بعض حصوں میں بھی آج بارش کی پیش گوئی ہے۔ موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے آج اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا سمیت دیگر علاقوں میں بادل برسیں گے۔ خیبرپختونخوا، بلوچستان میں کوئٹہ، ژوب، مکران اور قلات میں بھی تیز بارش متوقع ہے۔ جس سے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ موسلا دھار بارش کے باعث شمالی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج سب سے سرد ترین مقام کالام رہا جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ گوپس، مالام جبہ میں منفی 06، سکردو منفی 05، استور منفی 03 اور پارہ چنار منفی 02 کوئٹہ اور زیارت میں منفی ایک رہا۔ اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 4، لاہور 9، فیصل آباد 6، ملتان 7، پشاور 5 اور کراچی میں 21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ملک کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ
کوئٹہ، پشاور، سکھر، راجن پور سمیت ملک کے دیگر شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلا دھار بارش ہوئی جس کے بعد موسم مزید سرد ہوگیا جب کہ بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔وادی کوئٹہ اور گرد و نواح میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے ہلکی بارش ہورہی ہے جب کہ مستونگ، پشین، خضدار، قلات، مسلم باغ، زیارت، قلات، مکران، نصیرآباد، ژوب ڈویژن سمیت شمالی بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔