بھارت نے جنگ مسلط کی تو جوابی اقدام کے لئے تیار ہیں: ملیحہ لودھی

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے ہم امن کے خواہاں ہیں لیکن بھارت کا جارحانہ رویہ خطے کو جنگ میں دھکیل رہا ہے، اگر بھارت نے جنگ مسلط کی تو جوابی اقدام کے لئے تیار ہیں۔ ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سیکرٹری جنرل اور صدر سے ملاقات کی۔ دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ملیحہ لودھی نے کہا مسئلہ کشمیر پر سکیورٹی کونسل کی قراردادیں موجود ہیں، پاک بھارت کشیدگی کم کرانے کیلئے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کو آگے آنا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ جنرل اسمبلی کے سیکرٹری جنرل اور صدر سے خطے کی صورتحال کے پیش نظر کردار ادا کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔ ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری غاصبانہ کارروائیوں کی جانب بھی دلائی۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات میں اس حقیقت کا ذکر کیا گیا ہے کہ پلوامہ واقعہ بھارتی قابض فوج کی کشمیر میں قائم کردہ شدت کی فضا کا نتیجہ ہے، اس واقعے کو پاکستان سے جوڑ کر بھارت خطے کو جنگ میں دھکیل رہا ہے جو افغان امن عمل پر بھی اثر انداز ہو سکتا ہے، پاکستان نہیں چاہتا کہ خطے میں صورت حال کشیدہ ہو تاہم بھارت نے اگر جنگ مسلط کی تو ہم جوابی اقدام کے لئے تیار ہیں۔